پٹنہ:19 /اپریل(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) بہار کے سابق وزیر اعلی اور ہندوستانی عوام مورچہ (ہم) کے سربراہ جتن رام مانجھی نے جمعہ کو دعوی کیا کہ لوک جن شکتی پارٹی کے سربراہ رام ولاس پاسوان مہا گٹھ بندھن میں شامل ہونا چاہتے تھے، لیکن انہوں نے ان کی انٹری پر روک لگا دی۔ پٹنہ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے مانجھی نے کہاکہ رام ولاس پاسوان این ڈی اے سے الگ ہونا چاہ رہے تھے۔ اسے لے کر پاسوان نے آر جے ڈی صدر لالو پرساد سے کئی بار بات بھی کی تھی۔ اس بات پر جب لالو یادو نے مجھ سے تجویز طلب کی تو میں نے انکار کر دیا۔ مانجھی نے کہا کہ لالو پرساد نے خود یہ بات ان سے کہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ لالو نے جب مجھ سے پوچھا تھا، تب میں نے کہا تھا کہ پاسوان کے آنے سے مہا گٹھبدھن کو کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔ مانجھی نے دعوی کیا کہ اس کے بعد پاسوان کا مہا گٹھ بندھن میں شامل نہیں ہو سکا۔ غور طلب ہے کہ اس کے پہلے بہار کی سابق وزیر اعلی رابڑی دیوی نے بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار کے مہا گٹھ بندھن میں آنے کی خواہش کا انکشاف کیا تھا۔ بعد میں اگرچہ جے ڈی یو نے اس کی تردید کی تھی۔